سینما بند ہونے کے باعث بالی وڈ فلمیں آن لائن ریلیز

سینما بند ہونے کے باعث بالی وڈ فلمیں آن لائن ریلیز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

﴿زین مدنی ) کورونا وائرس کی وبا سے بچاو کے لیے مارچ سے بھارت میں نافذ کیے گئے لاک ڈاون کے دوران ملک بھر کے سینما ہالز بھی بند کردیے گئے تھے جس کی وجہ سے درجنوں فلموں کی ریلیز کو بھی موخر کردیا گیا تھا تاہم اب ڈھائی ماہ بعد سینما ہالز کے بند ہونے کی وجہ سے فلموں کو آن لائن ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جس پر سینما مالکان نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 25 مارچ کو بھارت میں لاک ڈاون نافذ کیے جانے کے بعد ملک کے 9 ہزار 500 سینما گھروں کو بند کردیا گیا تھا، جس کی وجہ سے بھارت کی شوبز انڈسٹری کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ملک بھر میں سینما گھر بند ہونے کی وجہ سے تیار فلموں کی نمائش بھی بند کردی گئی تھی تاہم ڈھائی ماہ سے زیادہ کا وقت ہونے کے باوجود سینما ہالز نہ کھلنے کے بعد اب فلم پروڈیوسرز نے اپنی فلموں کو آن لائن ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میںبولی وڈ کی 2 بڑی کاسٹ کی فلموں گلابو ستابو، شکنتلا دیوی سمیت کئی بھارتی فلموں کو اب ایمازون کی آن لائن اسٹریمنگ ویب سائٹ (ایمازون پرائم ویڈیو) پر ریلیز کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن اور ایوشمن کھرانہ جیسی کاسٹ پر مبنی رومانٹک کامیڈی فلم گلابو ستابو سمیت ودیا بالن کی فلم شکنتلا دیوی کو بھی اب آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔

گلابو ستابو کو اپریل میں ریلیز کیا جانا تھا مگر سینما بند ہونے کی وجہ سے اس کی نمائش نہیں کی جاسکی اور اب مذکورہ فلم کو آئندہ ماہ ایمازون پرائم ویڈیو پر ریلیز کیا جائے گا۔

فلموں کو سینما ہالز کے بجائے آن لائن ریلیز کرنے پر پی وی آر اور انوکس نامی سینما ہالز کے مالکان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فلم پروڈیوسرز اور اداکاروں کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا ہے اور کہا کہ اگر انہوں نے آن لائن فلمیں ریلیز کیں تو وہ آئندہ ان کی فلموں کی نمائش نہیں کریں گے۔