یاور ذوالفقار: احتساب عدالت نے دو ارب روپے سے زاٸد پاک فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن سکینڈل کیس کے ملزم محمد حفیظ کے جسمانی ریمانڈمیں مزیدسات روزتوسیع کردی، ملزم کو دوبارہ 22 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی، ملزم کو نیب کی جانب سے عدالت میں پیش کیا گیا ۔ پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم سے ابھی مزید تفتیش کرنا باقی ہے، ملزم نے پاک فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام سے 70 ہزار سے زائد فارم فروخت کیے۔
ملزم پاک فضائیہ ہاؤنسگ سوسائٹی سے زمین دہندہ کے طور پر کام کرتا رہا، ملزم نے پاک فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کو 356 ایکڑ زمین دینی تھی۔ عدالت نے ملزم کو 22 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔ ملزم محمد حفیظ خان مرکزی ملزم سلیم حنیف کا بھاٸی ہے جو کیمپ جیل میں ہے، مرکزی ملزم سلیم حنیف کی گرفتاری لاہور ہائیکورٹ سے دراخواست ضمانت منسوخ ہونے پرعمل میں لائی گئی تھی۔