دانش کنیریا نے تاحیات پابندی کیخلاف پی سی بی کو خط لکھ دیا

دانش کنیریا نے تاحیات پابندی کیخلاف پی سی بی کو خط لکھ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق کرکٹر دانش کنیریا نے تاحیات پابندی کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کوخط لکھ دیا ہے جس میں ان کی تاحیات پابندی کو معطل کرنے اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر دانش کنیریا بھی تاحیات پابندی کیخلاف میدان میں آگئے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دانش کنیریا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی لیگل ٹیم کے ذریعے پی سی بی کے روبرو درخواست دائر کر دی ہے، لیگ اسپنر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ( آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین کو خط لکھیں۔

  پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو لکھے گئے خط میں کنیریا کی قانونی ٹیم نے لکھا ہے کہ کرکٹر کو پیشہ ورانہ اور ذاتی طور پر ناقابل تصور اور ناقابل فہم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کی آمدنی کا واحد ذریعہ بہت حد تک متاثر ہوا ہے۔

دانش کنیریا نے یہ خط اپنے ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ پی سی بی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ چیئرمین اے سی یو کو خط لکھ کر درخواست کریں کہ وہ اسے ڈومیسٹک کرکٹ یا اس سے متعلق کسی بھی سرگرمی کھیلنے کی اجازت دے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کنیریا نے کسی بھی طرح کے تمام تعلیمی، بحالی یا اس سے متعلق دیگر پروگراموں میں شمولیت کے لئے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔

خیال رہے کہ دانش کنیریا نے اس سے قبل تاحیات پابندی کا خاتمہ کرانے کیلئے بی سی سی آئی کے صدرسارو گنگولی سے امیدیں وابستہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ آئی سی سی کے چیئرمین بن گئے تو مجھے یقین ہے کہ وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔دانش کنیریا نے گزشتہ سال وزیراعظم عمران خان سے بھی  مدد مانگی تھی۔

واضح رہے کہ سابق کرکٹر دانش کنیریا پر 2012ء میں کاؤنٹی کرکٹ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی لگائی گئی تھی۔

Sughra Afzal

Content Writer