لاہور ہائیکورٹ کا عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر سخت ایکشن، ایف آئی اے فیصل آباد کے ایس ایچ او معطل
ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے اور مطلوبہ واٹس ایپ چیٹ کا ریکارڈ پیش کرنے میں ناکامی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے فیصل آباد کے ایس ایچ او اجمل کو تاحکم ثانی معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس محمد امجد رفیق نے ملزم شاہد حمید کی درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد جاری تحریری فیصلے میں کہا کہ گزشتہ سماعت کے دوران ایس ایچ او نے عدالت کو بتایا تھا کہ درخواست گزار کی واٹس ایپ چیٹ ریکارڈ پر موجود ہے، جو اس کے مبینہ کردار کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس پر عدالت نے متعلقہ واٹس ایپ گفتگو کا ٹرانسکرپٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔
تحریری حکم کے مطابق آئندہ سماعت پر ایس ایچ او مطلوبہ ریکارڈ پیش نہ کر سکا اور درخواست گزار کی چیٹ کے بجائے شریک ملزم احمد شاہد اور متاثرہ فریق عمر عنایت کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ گفتگو کا ٹرانسکرپٹ عدالت میں جمع کرا دیا، جو عدالتی حکم کی تعمیل نہیں تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ ایف آئی اے عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں ناکام رہی، لہٰذا ایس ایچ او ایف آئی اے فیصل آباد اجمل کو آئندہ حکم تک معطل کیا جاتا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ مقدمے میں عدالت کی معاونت کے لیے ایک سینئر افسر مقرر کیا جائے، جو متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہو۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی۔