ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور بورڈکےکھلاڑیوں کیلئے خوشخبری، انعامی رقوم اور الاؤنسز میں نمایاں اضافہ

لاہور بورڈکےکھلاڑیوں کیلئے خوشخبری، انعامی رقوم اور الاؤنسز میں نمایاں اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جنید ریاض:لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیش انعامات اور مالی مراعات میں نمایاں اضافے کی منظوری دے دی۔ بورڈ آف گورنرز نے اس حوالے سے تاریخی فیصلے کی منظوری دیتے ہوئے نئے مالی مراعاتی پیکیج کی منظوری دی ہے۔

نئے فیصلے کے تحت انٹر سکول اور انٹر کالجیٹ مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کا کیش انعام 750 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ دوسری پوزیشن کا انعام 600 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن کا انعام 400 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ انٹر بورڈ سپورٹس مقابلوں میں کامیاب کھلاڑی بھی ان نئے کیش انعامات کے مستحق ہوں گے۔

اس کے علاوہ بہترین کھلاڑی، بہترین ایتھلیٹ اور نیا ریکارڈ قائم کرنے والے کھلاڑی کو 5 ہزار روپے خصوصی انعام دیا جائے گا۔ مینیجر اور کوچ کا یومیہ الاؤنس ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے جبکہ معاون عملے کا یومیہ الاؤنس 500 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

بورڈ نے کھلاڑیوں کے ریفریشمنٹ الاؤنس میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اسے 150 سے بڑھا کر 300 روپے مقرر کیا ہے، جبکہ کھلاڑیوں کا یومیہ الاؤنس 750 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ نئے مالی مراعاتی پیکیج سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کا رجحان بڑھے گا اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے آنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔