گال ٹیسٹ، پہلے روز کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کیخلاف 242 رنز بنا لیے

گال ٹیسٹ، پہلے روز کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کیخلاف 242 رنز بنا لیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے گال ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لیے ہیں۔

گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے سیشن کے دوران شاہین نے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی کو 6 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین نے اپنے دوسرے اوور میں اوپنر نشان مدوشکا کو آؤٹ کیا جس کا شاندار کیچ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے کیا، شاہین کی اس وکٹ کے بعد ٹیسٹ کیرئیر میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں۔

اس کے بعد دیموتھ کرونا رتنے، کوشال مینڈس اور دنیش چندیمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر سری لنکا کے 4 کھلاڑی صرف 54 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے تاہم اس کے بعد انجیلو میتھیوز اور دھننجیا ڈی سلوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور پھر 185 کے مجموعے پر میتھیوز 64 رنز بنا کر ابرار کا شکار بنے۔ 
پہلے روز کھیل کے اختتامی اوور میں سدیرا سمارا وکرما آغا سلمان کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دھننجیا ڈی سلوا 94 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز اسکور کر لیے تھے، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔