(ویب ڈیسک)انڈر-19 عالمی کپ6 202 میں بھارتی ٹیم نے اپنی فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ آیوش مہاترے کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے زمبابوے میں کھیلے جانیوالے پہلے میچ میں یو ایس اے کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ہینل پٹیل نے بالنگ میں لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ویبھو سوریہ ونشی کو ضرور مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ وہ صرف 2 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئنس اسپورٹس کلب بلاوایو میں کھیلے گئے اس مقابلے میں آیوش مہاترے نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ہینل پٹیل نے امرندر گل کی صورت میں یو ایس اے کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ ہینل نے شاندار گیند بازی کی اور مسلسل وقفوں پر وکٹیں لیتے رہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے 7 اوور کے اسپیل میں محض 16 رن دیئے۔ ہینل کو میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔ ان کے علاوہ دیپیش دیویندرن، امبریش، کھلن پٹیل اور ویبھو سوریہ ونشی نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پہلی وکٹ تیسرے ہی اوور میں گر گئی، جب دھماکہ خیز بلے باز ویبھو سوریہ ونشی صرف 2 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بھارت کا اسکور 4 اوور میں 1 وکٹ پر 21 رن تھا، تب بارش نے میچ میں رخنہ ڈال دیا اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث کافی دیر تک کھیل رکا رہا۔ جب مقابلہ دوبارہ شروع ہوا تو بھارت کو 37 اوور میں 96 رن کا ہدف دیا گیا۔ پانچویں اوور میں ویدانت الپیش کمار تریویدی بھی 2 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان آیوش مہاترے کی صورت میں بھارتی ٹیم کی تیسری وکٹ 25 کے اسکور پر گری، وہ صرف 19 رن بنا سکے۔ اس کے بعد ویہان ملہوترا اور ابھگیان ابھیشیک کنڈو کے درمیان 45 رن کی شراکت داری ہوئی، ویہان 17 گیندوں میں 18 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ابھگیان نے 41 گیندوں میں 5 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 42 رن بنائے۔ بھارت نے 18ویں اوور میں ضروری 108 رنوں کا ہدف حاصل کر کے 6 وکٹ سے جیت درج کی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے امریکہ کی ٹیم 107 رن پر ہی پویلین لوٹ گئی تھی۔