ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی کے لیے نیا اور مفید فیچر متعارف

 اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی کے لیے نیا اور مفید فیچر متعارف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کے لیے ترجمہ کے عمل کو مزید آسان بنا دے گا۔ کمپنی نے اپنے آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ میں ایک الگ ٹرانسلیشن ٹول شامل کیا ہے، جس کا اپنا مخصوص ویب پیج بھی موجود ہے۔

اگرچہ چیٹ جی پی ٹی پہلے ہی مختلف زبانوں کے ترجمے کی سہولت فراہم کرتا تھا، تاہم اب اس مقصد کے لیے ایک علیحدہ سیکشن مختص کر دیا گیا ہے۔ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق ’’ چیٹ جی پی ٹی ٹرانسلیٹ‘‘ نامی یہ ٹول ٹیکسٹ، آڈیو ریکارڈنگ اور تصاویر میں موجود تحریر کا اردو سمیت 50 سے زائد زبانوں میں چند سیکنڈز میں ترجمہ کر سکتا ہے۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اس ٹول میں زبان کی خودکار شناخت (آٹومیٹک لینگویج ڈیٹیکشن) کی سہولت بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مختلف سیاق و سباق اور انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو اسے روایتی اے آئی ترجمہ ٹولز سے ممتاز بناتا ہے۔

صارفین ایک ہی کلک پر کاروباری نوعیت کی تحریر کا ہموار اور آسان ترجمہ حاصل کر سکتے ہیں یا تعلیمی ضروریات کے مطابق متن کو ڈھال سکتے ہیں۔ ٹول کے ویب پیج کے مطابق چیٹ جی پی ٹی ٹرانسلیٹ محاوروں، اصطلاحات، سیاق و سباق اور تحریر کے اسلوب کو بھی بخوبی سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اوپن اے آئی کے اس نئے ٹول کو گوگل ٹرانسلیٹ کے لیے ایک مضبوط مقابل سمجھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گوگل ٹرانسلیٹ بھی اب جیمنائی پر مبنی اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے، جو محاوروں اور اصطلاحات کو بہتر انداز میں سمجھتی ہے۔

فی الحال چیٹ جی پی ٹی کے ویب ورژن میں آڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے ترجمہ ممکن نہیں، تاہم موبائل ویب ورژن میں یہ سہولت دستیاب ہے۔ اسی طرح تصاویر میں موجود متن کے ترجمے کی صلاحیت تو موجود ہے، مگر ابھی فوٹو اپ لوڈ کرنے کا آپشن فراہم نہیں کیا گیا۔

چونکہ یہ ٹول اس وقت صرف ویب پیج کی صورت میں دستیاب ہے، اس لیے اسے آف لائن استعمال نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی رئیل ٹائم گفتگو کے ترجمے کی سہولت موجود ہے۔ کمپنی نے اس فیچر کو خاموشی سے متعارف کرایا ہے اور کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ مستقبل میں اسے مزید بہتر بنا کر باقاعدہ طور پر لانچ کیا جائے گا۔