ویب ڈیسک: ڈونگ فینگ موٹر پاکستان نے اپنی نئی الیکٹرک ایس یو وی ویگو EV پاکستان میں متعارف کرا دی ہے، جو کمپنی کی الیکٹرک گاڑیوں کی لائن اپ میں نیا اضافہ ہے۔ یہ گاڑی شہری اور خاندانی استعمال کے لیے تیار کی گئی ہے اور ماحول دوست ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
عالمی مارکیٹ میں Nammi 06 کے نام سے جانی جانے والی ویگو EV ایک کمپیکٹ SUV ہے، جو شہر کے اندر ڈرائیونگ کے لیے موزوں ہے۔ پاکستان میں ڈونگ فینگ کی نمائندگی چاولہ گرین موٹرز کر رہی ہے، جو پہلے ہی Box EV اور 007 EV متعارف کرا چکی ہے۔
ویگو EV میں 51.5 کلو واٹ آور بیٹری دی گئی ہے جو ایک بار چارج پر تقریباً 350 کلومیٹر تک کی رینج فراہم کرتی ہے۔ گاڑی میں 360 ڈگری کیمرہ اور لیول 2 ADAS جیسے جدید حفاظتی فیچرز شامل ہیں۔
ڈونگ فینگ ویگو EV کی قیمت ای ون ویرینٹ کے لیے 69 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ ای ٹو ویرینٹ کے لیے 74 لاکھ 99 ہزار 999 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دونوں ویرینٹس کی بکنگ رقم 12 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق ویگو EV 16 سے 18 فروری تک پیکیجز مال میں نمائش کے لیے دستیاب ہوگی جبکہ بکنگ کی تصدیق کے بعد فروری کے دوسرے ہفتے میں گاڑیوں کی ڈلیوری متوقع ہے۔