ویب ڈیسک:سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امید ہے موجودہ آرمی چیف شفاف انتخاب کرائیں گے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت اور قانون سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات تب بہتر ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ قانون کی بالادستی کے لیے کام کرے گی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ان کا مینڈیٹ کم کرنے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ہمارے لوگوں کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لیے کہا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کراچی الیکشن میں پی ٹی آئی کو بڑادھچکا لگا ہے۔ تحریک انصاف کراچی کے صدر اور کراچی سے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کا الیکشن ہار گئے ہیں۔
خرم شیر زمان کو صدر ٹاؤن یوسی 11 سے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، نجمی عالم نے اس نشست پر دو ہزار 696 ووٹ حاصل کیے۔ خرم شیر زمان اس علاقے سے دس سال سے ایم پی اے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کا امیدوار بھی قرار دیا جا رہا تھا، رکن صوبائی اسمبلی ہونے کے باوجود وہ یوسی چیئرمین کی نشست پر لڑ رہے تھے۔