ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مال روڈ پر عوامی تحریک کے احتجاج کی تیاریاں زور و شور سے جاری

مال روڈ پر عوامی تحریک کے احتجاج کی تیاریاں زور و شور سے جاری
کیپشن: City42 - Tahir ul Qadri PAT Protest
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسن خالد) پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے 17 جنوری کے احتجاج کیلئےمال روڈ پر تیاریاں شروع کردی ہیں، سٹیج کی تیاری کے لیے کنٹینرز بھی پہنچا دیا گیا۔ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ق لیگ کی جانب سے بھی دھرنے کی حمایت کی گئی ہے جب کہ انتظامیہ کی جانب سے مال روڈ پر دفعہ 144 نافذ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کل سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف نہ ملنے پر مال روڈ پر دھرنا دے گی۔ دھرنے کیلئے فیصل چوک پر سٹیج تیار کیا جائے گا جبکہ ریگل چوک تک پنڈال سجایا جائے گا۔ مال روڈ کو جی پی او چوک تک دونوں سڑکوں کو کرسیاں، شامیانے اور اسٹیج لگا کر بند کر دیا گیا۔ دونوں سڑکوں پر کرسیاں لگا کر سڑکوں کو جلسہ گاہ کی شکل دینے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ سینکڑوں کرسیاں، پنکھے، شامیانے، لائٹس اور اسپیکرز پہنچا دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب ہائیکورٹ نے مال روڈ پر احتجاج، جلسے، جلوسوں پر پابندی لگا رکھی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بھی پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دی گئی درخواست کو مسترد کر دیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے مطابق یہ ملکی تاریخ کا پہلا احتجاج ہو گا جس میں پاکستان بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتیں محض انصاف کے حصول کے لیے شرکت کریں گی۔ احتجاجی تحریک میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین بھی ایک ہی کنٹینر پر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق شریک چئیرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی شرکت بھی متوقع ہے۔

مزیدجاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں