سٹی42: رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی نے ڈیرے جما لیے ہیں اور گوشت، سبزی اور پھل کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے کئی گنا زیادہ فروخت ہو رہی ہیں جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
شہر میں مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو کے بجائے 2800 سے 3200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ بیف 800 روپے کی بجائے 1200 سے 1400 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ مختلف سپر اسٹورز میں مبینہ ڈی سی کاؤنٹرز پر غیر معیاری گوشت، چھیچڑوں اور زیادہ چربی والا گوشت بھی فروخت ہو رہا ہے۔
سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ آلو 20 روپے کے بجائے 60 روپے فی کلو، پیاز 55 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو، ٹماٹر 82 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو، کریلا 160 روپے کے بجائے 190 روپے فی کلو، مٹر 40 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو، شملہ مرچ 145 روپے کے بجائے 180 روپے فی کلو، سبز مرچ 140 روپے کے بجائے 160 روپے فی کلو اور بند گوبھی 55 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ پھل بھی سرکاری نرخوں سے 50 سے 100 روپے زیادہ داموں دستیاب ہیں۔
شہری انتظامیہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی کے اثرات کم ہوں جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں سرکاری ریٹ پر سبزی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے وہ مقررہ نرخوں پر فروخت کرنے سے قاصر ہیں۔