ملک اشرف: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں عدالت سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے متفرق درخواست کی صورت میں جمع کرائی گئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ملک میں مہنگائی کے نئے طوفان کا سبب بنے گا اور اس کے اثرات عام شہریوں پر براہِ راست مرتب ہوں گے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کے رجحانات کے مطابق نہیں کیا جاتا، جس کے باعث عوام کو غیر ضروری مالی بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، وزارت توانائی نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
جس کے مطابق پیٹرول 5 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا، پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔ اس کے علاوہ ہائی سپیڈ ڈیزل 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ۔ نئی قیمتوں میں ردوبدل آئندہ 13 روز کے لیے کیا گیا ہے۔