ویب ڈیسک: لاہور میں ہونے والے باکسنگ میچ میں یوٹیوبر رحیم پردیسی سے معروف اداکار فیروز خان کو شکست ہونے کے بعد حمائمہ ملک کا ردِ عمل بھی آگیا۔
دونوں کے درمیان یہ باکسنگ میچ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوا جس میں شائقین کی بڑی تعداد براہِ راست مقابلہ دیکھنے پہنچی۔
جہاں اس باکسنگ میچ کے لیے حمائمہ ملک خصوصی طور پر لاہور پہنچی تھیں اور رنگ میں اترے بھائی کی خوب حمایت کرتی نظر آئیں وہیں مقابلے میں شکست کے باوجود اداکارہ اپنے بھائی کی ہمت بندھاتی اور تعریف کرتی نظر آئیں۔
انسٹاگرام اسٹوری میں حمائمہ نے فیروز کی تصویر شیئر کرنے کے ساتھ انہیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ میرے لیے زندگی بھر کے فاتح ہو، شاباش بھائی'۔
دوسری جانب فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب بھی اپنے شوہر کی تعریف کرنے میں پیش پیش رہیں۔انسٹاگرام پر ایک خصوصی پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ اپنی محبت فیروز خان پر بے حد فخر ہے، پہلی مرتبہ رنگ میں اترے، ایک مشکل مخالف کا سامنا کیا اور دوسرے ہی راؤنڈ میں خون بہنے کے باوجود آپ پانچویں راؤنڈ تک لڑتے رہے، یہ ایک اصل جنگجو کا جذبہ ہے۔
زینب نے اپنے شوہر کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا کہ فتح صرف اسکورز سے نہیں ہوتی، نتیجے سے کچھ نہیں ہوتا، جو اصل چیز ہے وہ ہمت، لگن اور وہ جذبہ ہے جو آپ نے دکھایا، آپ میری نظر میں ہمیشہ ایک چیمپئن ہو۔
زینب کی اس پوسٹ پر ان کی نندیں دعا ملک اور حمائمہ ملک محبت لٹاتی نظر آئیں جبکہ فیروز خان نے بھی کمنٹ کرکے اہلیہ کیلئے محبت بھرا پیغام دیا۔
یاد رہے کہ یہ لڑائی معروف کانٹینٹ کری ایٹر رحیم پردیسی اور داکار فیروز خان کے درمیان سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث کے بعد شروع ہوئی تاہم صرف زبانی جمع خرچ کے بجائے انہوں نے باکسنگ رنگ میں معاملات طے کرنے کا فیصلہ کیا اور فیروز نے رحیم کے دیے چیلنج کو قبول کرلیا۔