قیصر کھوکھر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر پیغام، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ 16دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتارہے گا، قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بچو ں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اورپرامن پاکستان کی تاریخ لکھی۔محفوظ اور پر امن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے، ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کا مثالی اتحاد اوراتفاق سامنے آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا، سفاک دشمن کو شکست ہوئی اور پاکستان امن کا گہوارہ بنا، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا عظیم شہداء کے خون کا ایک ایک قطرہ اس مٹی پر قر ض ہے، قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشت گردی اورانتہا پسندی کی قعطاً گنجائش نہیں، برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کے قیام کاعظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے,
ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاورکے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے، ہمیں آج اسی اتحاد کو برقرار رکھنے کے عزم کی تجدید کرنا ہے جس کی خاطر معصوم بچوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔