ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا گورنر ہاؤس کراچی کے باہر دھرنا

پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا گورنر ہاؤس کراچی کے باہر دھرنا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر عوام سے وصول کیا جانے والا بھاری ٹیکس ہر صورت واپس لینا ہوگا  اُنہوں نے کہا کہ  2024 میں صرف لیوی کی مد میں عوام سے 1220 ارب روپے وصول کیے گئے

منعم ظفر خان نے کہا کہ آج گورنر ہاؤس کے باہر ہزاروں شہری موجود ہیں، جبکہ ملک بھر کے گورنر ہاؤسز اور پنجاب کے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر بھی دھرنوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے تھے جماعت اسلامی صرف دعوے کرسکتی ہے، وہ آکر دھرنے میں عوام کی شرکت دیکھ لیں۔ جماعت اسلامی حکمرانوں کا تعاقب جاری رکھے گی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ آئی پی پیز کے نام پر ہونے والا دھندا ہر صورت ختم کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز اور کے الیکٹرک کے حوالے سے کراچی سمیت پورے پاکستان کے عوام کو آگاہ کیا کہ ان اداروں کے ذریعے عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے ایف بی آر کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 2024 میں صرف لیوی کی مد میں عوام سے 1220 ارب روپے وصول کیے گئے، جبکہ حکومت نے رواں عرصے میں لیوی سے 1438 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

منعم ظفر خان کے مطابق حکمران اپنے مقررہ ہدف سے بھی 100 ارب روپے زیادہ وصول کرچکے ہیں، جبکہ ایف بی آر نے بھی عوام سے ٹیکس کی مد میں 476 ارب روپے وصول کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے اور عوام پر ٹیکس پر ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔ فارم 47 کی پیداوار اسمبلیوں میں بیٹھ کر ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، جبکہ عوامی مسائل ان کی ترجیح نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ وزیراعظم بننے سے قبل انہوں نے کراچی کو پیرس بنانے اور پانی کا مسئلہ حل کرنے کی بات کی تھی، لیکن وزیراعظم بننے کے بعد کراچی آئے تو 24 سے زائد گاڑیوں کے پروٹوکول میں آئے اور واپس چلے گئے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خلاف ہے اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گورنر ہاؤس کے کونے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے دروازے تک پہنچے گی۔ پورے ملک میں جاری دھرنے حکمرانوں کو عوام کے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کریں گے۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک پاکستان کے عوام کو ظلم اور استحصال کے نظام سے نکالنے کی تحریک ہے۔