ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کا چھٹا ہفتہ اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ 18 اگست سے ساتویں ہفتے کا آغاز ہوگا۔ عدالتی کیلنڈر کے مطابق چھٹیوں کا دورانیہ دو مزید ہفتے باقی رہ جائے گا.
ججز روسٹر کے مطابق پرنسپل سیٹ لاہور میں 18 اگست سے مجموعی طور پر 12 ججز مقدمات کی سماعت کریں گے۔ اس دوران چار ڈویژن بنچ تشکیل دیے گئے ہیں جو اہم نوعیت کے کیسز سنیں گے۔ڈویژن بنچ نمبر ایک جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس ملک محمد اویس خالد پر مشتمل ہوگا۔ڈویژن بنچ نمبر دو کی سربراہی جسٹس ملک وقار حیدر اعوان کریں گے، جن کے ہمراہ جسٹس راجہ غضنفر علی خان ہوں گے۔ڈویژن بنچ نمبر تین جسٹس محمد جواد ظفر اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل ہوگا۔اس کے علاوہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سمیت دیگر ججز سنگل بنچ کی حیثیت سے مقدمات سنیں گے۔ سنگل بنچ میں شامل معزز ججز کے نام یہ ہیں: جسٹس فاروق حیدر، جسٹس رسال حسن سید، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس، جسٹس محمد جواد ظفر، جسٹس ملک محمد اویس خالد، جسٹس چوہدری سلطان محمود، جسٹس راجہ غضنفر علی خان، جسٹس تنویر احمد شیخ اور جسٹس طارق محمود باجوہ شامل ہیں ،واضح رہے کہ موسم گرما کی چھٹیوں کے باوجود عدالتوں میں اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت جاری ہے تاکہ عوام الناس کو ریلیف فراہم کیا جاسکے اور فوری نوعیت کے معاملات میں تاخیر نہ ہو۔