ویب ڈیسک : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، جس کا نفاذ امریکی وقت کے مطابق شام 5 بجے ہوگا ۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے لبنان کے نہایت معزز صدر جوزف عون اور اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ انتہائی شاندار گفتگو کی ہے۔ ان دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اپنے ممالک کے درمیان امن کے حصول کے لیے وہ باضابطہ طور پر 10 روزہ جنگ بندی کا آغاز کریں گے، جس کا نفاذ امریکی وقت کے مطابق شام 5 بجے ہوگا ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ منگل کو ان دونوں ممالک نے واشنگٹن ڈی سی میں 34 سال بعد پہلی مرتبہ ملاقات کی، جہاں ہمارے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو ہدایت دی تھی کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر پائیدار امن کے قیام کے لیے کام کریں۔