ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں میں تاخیر، کین کمشنر کے ادائیگیوں کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی گئی

گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں میں تاخیر، کین کمشنر کے ادائیگیوں کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی گئی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں میں تاخیر، لاہور ہائیکورٹ کا اظہارِ تشویش،  کین کمشنر کے ادائیگیوں کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی گئی.

جسٹس ملک محمد اویس خالد نے شہری وسیم احمد خان کی درخواست پر  سماعت کی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ شوگر ملز کی جانب سے انہیں گنے کی مد میں دو کروڑ 49 لاکھ روپے کی ادائیگی تاحال نہیں کی گئی، سماعت کے دوران کین کمشنر امجد حفیظ، اسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل انوار حسین کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس ملک محمد اویس خالد نے کین کمشنر سے استفسار کیا کہ کیا گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے کوئی پالیسی یا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کین کمشنر کا ادارہ ایک بنیادی ریگولیٹری اتھارٹی ہے، اور عدالت کو روزانہ کی بنیاد پر شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ کاشتکاروں کو ادائیگیاں نہیں کی جا رہیں۔ عدالت نے دریافت کیا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے کیا مؤثر میکنزم وضع کیا گیا ہے۔کین کمشنر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قانون کے مطابق شوگر ملز پابند ہیں کہ وہ پندرہ روز کے اندر کاشتکاروں کو ادائیگیاں کریں، اور اگر مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہو تو متاثرہ کاشتکار ان کے دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے کوئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔کین کمشنر نے جواب دیا کہ ڈپٹی کمشنرز کو خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں اور ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ خطوط بھیجے جائیں اور مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے کہ کتنے کاشتکاروں کو ادائیگیاں نہیں ہوئیں۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عملی طور پر شوگر ملز اکثر پندرہ روز کی مدت میں ادائیگیاں نہیں کرتیں، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر عدالتی احکامات کے باوجود ادائیگیاں نہ ہوئیں تو توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی جا سکتی ہے۔بعد ازاں عدالت نے کین کمشنر کی جانب سے بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی۔

Ansa Awais

Content Writer