ویب ڈیسک : تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کی تاحیات نا اہلی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست سماعت کیلئے مقررکردی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے درخواست پرسماعت کیلئے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔لارجز بینچ میں چیف جسٹس عمرعطابندیال، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس مظہر عالم، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔
5 رکنی لارجر بینچ پیر کو دن ایک بجے عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا، عمران خان کی جانب سے بابر اعوان عدالت میں پیش ہوں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد تقریباً 20 سے زائد پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی نے ان کیخلاف ووٹ دینے کا اعلان کردیا تھا اور اسے بنیاد بناکر پی ٹی آئی نے ان ارکان کی نااہلی کی درخواست دائر کی ہے۔ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ ان ارکان کو تاحیات نا اہل کیا جائے۔