( حسن علی ) وفاقی حکومت کا یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن آف پاکستان کے ذریعےعوام کو بڑا ریلیف، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 688 اشیا کی قیمتوں میں کمی کردی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر چاول 10 اور ٹوٹہ چاول 5 روپے فی کلو سستے کردئیے گئے جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر فروخت ہونے والے مختلف برانڈ کے مشروبات، ٹوتھ پیسٹ، صابن، مصالہ جات، سرف اور کیچپ سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی۔
یوٹیلیٹی سٹورز کی طرف سے مختلف برانڈ کی اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں 5 سے 7 فی صد تک رعایت کی گئی، تاہم دالوں، آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں گئی۔ درجہ سوم کے کوکنگ آئل کی قیمت میں 5 وپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز پر درجہ سوم کے کوکنگ آئل کی قیمت 215 روپے ہوگئی۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل دی گئی سبسڈی کو رمضان پیکیج میں شامل کیا جائے گا، شہری کہتے ہیں کہ حکومت یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، چینی اور دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی کرے اور دالوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے۔
دوسری جانب اکبری منڈی میں دالوں کی طلب میں کمی کے باعث قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اکبری منڈی میں دال چنا گیارہ روپے سستی قیمت 145 روپے سے کم ہو کر134 روپے فی کلو ہوگئی جبکہ دال مونگ دھلی 40روپے کلو سستی ہوگئی اور قیمت330 روپے سے کم ہوکر 290روپے کلو ہوگئی۔
اکبری منڈی میں کالے چنے 15روپے فی کلو سستے، قیمت 150 روپے سے کم ہوکر 135 روپے فی کلو جبکہ دال ماش دھلی 60 روپے کلو سستی 300 روپے کلو سے کم ہوکر 240 روپے فی کلو ہوگئی۔
اسی طرح دال مسر 15 روپے کلو سستی، 180 سے کم ہوکر 165 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ تاہم سفید چنا 100روپے فی کلو برقرار ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ دالوں کی طلب میں کمی کے باعث قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے اور آنیوالے دنوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔