ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محکمہ موسمیات نے لاہور میں بارش کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے لاہور میں بارش کی پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جنید ریاض) گرمی اور کورونا وائرس سے پریشان لاہوریوں کیلئے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر لاہور  کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 24  ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوائیں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد جبکہ شام کے وقت تناسب 30 فیصد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور کا موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم جمعہ کے روز شہر میں بارش کا امکان ہے، بارش سے لاہور کا موسم خوشگوار ہوجائے گا اور گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔

دوسری جانب کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹریفک میں کمی اور فیکٹریوں کی بندش سے باغوں کے شہر لاہور کی فضا میں 10 سال بعد بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے،  شہر میں فضائی آلودگی کم ہوگئی ہے، پہلی بار صوبائی دارالحکومت لاہور میں   ائیرکوالٹی انڈیکس انتہائی کم ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر کا ائیر کوالٹی انڈیکس 50 تک پہنچ گیا ہے، شہر کو گزشتہ ایک ہفتے میں مسلسل گرین لائن میں شامل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک بھر میں  کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 6336 ہوگئی جبکہ 124 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا جہاں اب تک کورونا وائرس سے 3232 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 34 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب جان لیوا وائرس کے خطرات کے پیش نظر لاہور کے 13 علاقوں کو سیل کردیا گیا اور 859 گھروں کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا، پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کردی۔

 

Sughra Afzal

Content Writer