بھارتی فنکاروں کو آن لائن بھی پاکستانیوں کیساتھ کام کرنے سے روک دیا

بھارتی فنکاروں کو آن لائن بھی پاکستانیوں کیساتھ کام کرنے سے روک دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

غوث الاعظم روڈ (زین مدنی )بھارتی فلم ملازمین کی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن امپلائیز ( ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے اب بھارتی فنکاروں کو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ آن لائن ویڈیوز  بنانے یا ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق اگرچہ پہلے ہی بھارتی فنکاروں، اداکاروں اور کسی بھی طرح کے شوبز و میوزک فیسٹیول کرنے والے افراد کو پاکستانی فنکاروں اور اداکاروں کے ساتھ کام کرنے سے روک رکھا ہے۔ تاہم اب اس تنظیم نے ایک قدم آگے جاتے ہوئے اپنے ملک کے فنکاروں کو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ آن لائن ویڈیوز بنانے یا ان کے ساتھ کام کرنے سے بھی روک دیا۔

فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن امپلائیز  ( ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اپنے تمام موسیقاروں، فنکاروں اور گلوکاروں سمیت تمام تکنیکی کام کرنے والے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈان کے دوران بھی پاکستانی فنکاروں کے ساتھ آن لائن کوئی بھی ایکٹیویٹی نہ کریں۔

تنظیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کو پتہ چلا ہے کہ کچھ بھارتی فنکار تنظیم کی بندش کے باوجود پڑوسی ملک پاکستان کے فنکاروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں, نوٹیفکیشن میں ارکان کو خبردار کیا گیا کہ وہ پاکستانی فنکاروں یا اداکاروں کے ساتھ آن لائن بھی کام کرنے سے گریز کریں،  دوسری صورت میں ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی وجہ سے بنکاک میں پھنسے پاکستانی فنکاروں کو خصوصی پرواز کے ذریعے واپسی لایا جارہا ہے۔اداکار و فلم ساز شمعون عباسی نے حکومت کا ٹویٹر کے ذریعے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان بالخصوص پاکستانی سفارت کار افتخار، کرنل ہمایوں سمیت عتیقہ اوڈھو کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ہماری واپسی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم عشرت کی پوری ٹیم حکومت پاکستان کی جانب سے چلائی جانے والی خصوصی پرواز کے ذریعے بنکاک سے روانہ ہو جائے گی۔

Shazia Bashir

Content Writer