ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں محکمہ اوقاف کی اراضی واگزار کروانے کا کیس کی سماعت، ڈی آئی جی آپریشنز عدالت میں پیش، عدالت نے ریونیو ریکارڈ کی فائل طلب کرلی ۔
محکمہ اوقاف کی اراضی واگزارکروانےسے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس فاروق حیدرنے سیکرٹری اوقاف اورچیف ایڈمنسٹریٹرز کی درخواست پر سماعت کی، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد ادریس رفیق بھٹی کے ہمراہ پیش ہوئے۔عدالت نےاستفسار کیا کہ کیا یہ معاملہ سول کورٹ میں زیرالتواء ہے؟ وکیل نے بتایاکہ سول کورٹ میں کیسز زیرِسماعت ہیں۔ جس پر جسٹس فاروق حیدرنے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ سول کورٹ کا آرڈر پہلے ہی معطل کرچکی ہے۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یہ وہ اراضی نہیں بلکہ اس پراینٹی کرپشن کورٹ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اینٹی کرپشن کا مقدمہ الگ نوعیت کا ہے اوراس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنزسےاستفسارکیاکہ اگرمحکمہ اوقاف اپنی اراضی واگزار کروانے کیلئے پولیس سے مدد طلب کرے تو کیا اقدام ہوگا؟ جس پر ڈی آئی جی نے کہا پولیس مکمل تعاون کرے گی۔ عدالت نےریونیو ریکارڈ کی فائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔