(قذافی بٹ) پنجاب حکومت نے بجٹ میں نیا ٹیکس نہ لگانے کی نوید سنادی،حکومت پنجاب رواں مالی سال 2018-19کے آئندہ آٹھ ماہ کا بجٹ کل کابینہ سے منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں پیش کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کی صدارت سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کریں گے، اجلاس میں رواں مالی سال 2018 اور 19 کے اگلے 8 ماہ کا صوبائی بجٹ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا،پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل 3 بجے سہ پہر شروع ہوگا، پنجاب کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت پیش کریں گے، اجلاس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، وزیرخزانہ ہاشم جواں بخت کا کہنا تھا کہ مالی سال 2018-19کا آئندہ آٹھ ماہ کا بجٹ اصلاحی طرز کا ہو گا ، بجٹ کا بیشتر رجحان گزشتہ حکومت کے جاری منصوبوں کی مالیاتی منصوبہ بندی و انتظامی اُمور کی بےضابطگیوں کاخاتمہ ہو گا، صوبائی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائےگا ۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بجٹ کا مرکز سوشل سیکٹر ہو گا اور نئے منصوبوں کا انتخاب بھی اسی معیار پر کیا جائے گا ،ان پٹ کی بجائے آؤٹ پٹ کو فوکس کیا جائے گا، صحت ،تعلیم، صنعت ، زراعت ،روز گار اور ماحول بجٹ کے ترجیحی شعبہ جات ہوں گے، ٹیکس سسٹم میں اصلاحات اور کفایت شعاری کے نئے رجحانات بھی بجٹ کے مشتملات کا حصہ ہوں گے،جبکہ وسری جانب اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج کا عندیہ دیا گیا ہے۔