ملک اشرف : سابق ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر عبادت نثار کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست 18 مئی کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے اس کیس میں سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کو طلب کر رکھا ہے.
چیف جسٹس عالیہ نیلم درخواست گزار سائلہ بلقیس بی بی کی توہین عدالت درخواست پر سماعت کریں گی۔ عدالتی ذرائع کے مطابق گزشتہ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر غلط جواب عدالت میں جمع کروایا گیا تھا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا۔درخواست گزار بلقیس بی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی تاہم عدالتی احکامات کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا، جس پر انہوں نے 2019 میں لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔کیس کی آئندہ سماعت پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے جبکہ عدالت پولیس حکام کی جانب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ لے گی۔