قیصر کھوکھر: محمد احسن وحید نے ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب لاہور میں کمیشن کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالعزیز نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر کمیشن کے دیگر اراکین اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں ممبران سید حبیب الرحمن گیلانی، ڈاکٹر محمد ارشاد، سہیل عامر، ڈاکٹر صالح طاہر، نجم وحید اور محمد صدیق شیخ سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔ مزید برآں احمد علی کمبوہ، ڈاکٹر ذوالفقار علی اور سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد بھی تقریب میں موجود تھے۔
محمد احسن وحید گریڈ 21 کے ریٹائرڈ پی ایم ایس آفیسر ہیں اور انتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ماضی میں مختلف اہم سرکاری عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے گورننس اور پبلک سروس کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ان کی تقرری کو کمیشن کے انتظامی امور میں بہتری اور تسلسل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب کے دوران چیئرمین پی پی ایس سی نے نئے ممبر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کمیشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر محمد احسن وحید نے کمیشن میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور ادارے کی ساکھ کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سرکاری حلقوں کے مطابق یہ تقرری کمیشن کے نظام میں استحکام لانے اور بھرتیوں کے عمل کو مزید شفاف بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ نئے ممبر کی انتظامی مہارتیں ادارے کی مجموعی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالنے کی توقع ہے۔