ویب ڈیسک: امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے اور ابتدائی امن سمجھوتے کی اطلاعات نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں فوری ردعمل پیدا کیا، جہاں سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی اور قیمتی دھات نئی بلند سطح تک پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اس سفارتی پیش رفت کے بعد اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4,322.87 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو حالیہ دنوں کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی فیوچرز مارکیٹ میں اگست ڈیلیوری کے لیے سونے کے سودے بھی تیزی کا شکار رہے، جہاں قیمت 2.5 فیصد اضافے کے بعد 4,344.80 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق امن معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد امریکی ڈالر دباؤ کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں سونا دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں نسبتاً سستا دکھائی دیا اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سفارتی پیش رفت کے باوجود غیر یقینی معاشی صورتحال اور کرنسی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ سونے کی طلب کو برقرار رکھ سکتا ہے۔