ویب ڈیسک : موسمِ گرما کی چھٹیوں کے دوران ضرورت مند بچوں کے لیے برطانیہ میں نئی حکومتی اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت سکول کی چھٹیوں کے دوران بھی بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔
برطانوی حکومت نے ایک ارب پاؤنڈز کے نئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے، یہ فنڈنگ حالیہ’اسپینڈنگ ریویو‘ کے تحت کی گئی ہے اور اس کا مقصد نچلے طبقے کے خاندانوں کو مالی تحفظ دینا اور بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنا ہے۔ اسکیم کا حصہ بننے والے بچے اب چھٹیوں کے دوران بھی مفت کھانا حاصل کر سکیں گے۔
اس فنڈز کے ذریعے مقامی کونسلز کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ اپنے علاقوں میں ضرورت کے مطابق امداد تقسیم کریں۔ اس کے علاوہ اس پیکیج میں ایک نیا ’کرائسز اینڈ ریزیلینس فنڈ‘ بھی شامل ہے جو پہلے سے موجود ہاؤس ہولڈ سپورٹ فنڈ کی جگہ لے گا اور اپریل 2026ء سے نافذ العمل ہو گا۔
اس اسکیم میں ڈسکریشنری ہاؤسنگ پیمنٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ورک اینڈ پنشنز سیکریٹری لِز کینڈل کا کہنا ہے کہا کہ کوئی بچہ بھوکا نہیں رہنا چاہیے، ہم غریب بچوں کے لیے مفت کھانوں کے نظام کو مزید وسعت دیں گے تاکہ سب بچوں کا مستقبل روشن ہو۔
ایجوکیشن سیکریٹری بریجٹ فلپسن نے کہا کہ بچوں کو سیکھنے کی بھوک ہونی چاہیے نہ کہ کھانے کی، ہم مالی حیثیت سے قطع نظر ہر بچے کو ترقی کا موقع دینا چاہتے ہیں۔
برطانوی حکومت کی جانب سے مزید 5 لاکھ بچوں کو فری اسکول میلز کی سہولت دی جا رہی ہے، بریک فاسٹ کلبز میں توسیع کی جا رہی ہے۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ محفوظ اور معقول اجرت والی ملازمت ہی غربت سے باہر نکلنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔