(جنید ریاض)سکولوں میں کورونا ٹیسٹ روک دیئے گئے، 31 مئی کے بعد پنجاب کے کسی ایک سکول میں بھی اساتذہ و بچوں کے کرونا ٹیسٹ نہ ہوسکے جس کے باعث سکولوں میں کورونا کیسسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر 31 مئی کو پنجاب بھر کے سکولوں کو نہم دہم کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ذرائع کیمطابق کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر سکولوں میں اساتذہ و طلباء کے کورونا ٹیسٹ نہیں کروائے جارہے جبکہ کورونا کی دوسری اور تیسری لہر کے بعد سکولوں میں ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کیے جاتے تھے۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ نہ ہونے سے سکولوں میں کورونا کی صورتحال کا پتہ نہیں لگ رہا جس کے باعث سکولوں میں کرونا کیسسز کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں میں نمایاں کمی ہو گئی ہے تاہم اموات کا سلسلہ مکمل طور پر تھما نہیں۔ شہر میں کورونا وائرس میں مبتلا 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 274 مریض داخل ہیں،کورونا وائرس میں مبتلا 70 مریضوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے جو وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔
ملکی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو موذی وبا کورونا وائرس کے سبب ملک بھرمیں مزید59 افراد انتقال کر گئے جبکہ کورونا مریضوں کے838 نئےکیسز سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.39فیصد ہوگئی ہے۔