راؤ دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ یوتھ سکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو فری لانسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ٹریڈز میں مہارت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ آسان کاروبار سکیم کے تحت ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد کو قرض فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس سکیم کے ذریعے نوجوانوں کو 10 لاکھ روپے سے 3 کروڑ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو زرعی شعبے میں عملی تجربہ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ نصاب میں ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے جدید کورسز شامل کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ اور نوجوان عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کی ترقی، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔