ویب ڈیسک : شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت کو چینی کی 165 روپے ایکس مل قیمت کی یقین دہانی کرادی گئی۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت چینی کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور سینئر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں چینی کی ایکس مل قیمت کے مؤثر نفاذ اور فوری فراہمی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کردی گئی جس پر ایسوسی ایشن نے فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی۔
چیئرمین ایسوسی ایشن نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات 2 سے 3 دن میں نمایاں ہوجائیں گے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ حکومت چینی کی ریٹیل قیمت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے گی، چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے اور مکمل تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار ہے، مارکیٹ میں چینی کی وافر اور مسلسل دستیابی کے لیے وزارت کے فعال اقدامات جاری ہیں، عوام کو سستی اور معیاری چینی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔