جنید ریاض :سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر لاہور میں سکولوں کی چار دیواری کے ساتھ ریڑھیاں لگانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکول کی حدود یا چار دیواری کے ساتھ کسی بھی قسم کی ریڑھی، پھل، سبزی یا دیگر کاروباری سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔
سکول سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر سکول کی چار دیواری کے ساتھ کوئی ریڑھی نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ اتھارٹی کو آگاہ کیا جائے۔ ریڑھی نہ ہٹانے کی صورت میں زونل ہیڈز کو متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کو اطلاع دینا ہوگی۔
ڈی ای اے کا کہنا تھا کہ مانیٹرنگ کے دوران اگر سکول کے باہر یا چار دیواری کے ساتھ ریڑھی پائی گئی تو اس کی ذمہ داری براہِ راست سکول سربراہ پر عائد ہوگی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سکول سربراہ کے خلاف تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طلبہ کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔