منیر باجوہ: لاہور ہائیکورٹ نے بدھ مت کے ثقافتی ورثہ کی بحالی اور تجاوزات کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی کو نوٹسز جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے عبدالملک خان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹیکسلا میں بت پرستوں کے ثقافتی ورثہ دھرماراجیکا کے سامنے تجاوزات کی بھرمار ہے۔ جن کو ہٹانے کیلئے محکمہ آرکیالوجی کو متعدد بار درخواستیں دی جا چکی ہیں مگر داد رسی نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا ٹیکسلا میں واقع بدھ مت ثقافتی ورثے کے باہر تجاوزات کی وجہ سے تاریخی حسن تباہ ہو رہا ہے۔ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے بدھ مت کے ثقافتی ورثہ کی بحالی اور تجاوزات کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی کو نوٹسز جاری کر دیئے۔