(سٹی 42) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے سخت سکیورٹی میں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے سخت سکیورٹی حصار میں جناح ہسپتال لایا گیا، نواز شریف کے جناح ہسپتال پہنچنے پر لیگی کارکنوں نے نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ جناح ہسپتال میں نوازشریف کے مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے، نوازشریف کو جناح ہسپتال میں دل کے وارڈ میں داخل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تھرڈ فلور پر کارڈیک سرجری وارڈ میں نواز شریف کیلئے ایک کمرہ تیار کیا گیا جبکہ تھرڈ فلور پر ہی ایک پرائیوٹ روم بھی تیار کیا گیا ہے، پہلی منزل پر وی وی آئی پیز کمرہ نمبر 5 بھی نواز شریف کیلئے مختص کیا گیا، نواز شریف کی وارڈ کے باہر جیل عملہ تعینات ہوگا صرف حکومت کے تشکیل کردہ ڈاکٹرز کے بورڈ کو کمرہ تک رسائی ہوگی، نوازشریف کے کمرے کو جانیوالے راستے پر ڈاکٹرز اور رشتہ داروں کی3 جگہ چیکنگ کی جائے گی۔