شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں کھلے گرم مصالحہ جات اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف گرم مصالحہ جات اور خشک اشیاء کی قیمتیں عام شہریوں کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ 100 گرام چار مغز 120 روپے، چارو گوندا 180 روپے جبکہ کشمش 150 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
اسی طرح 125 گرام سفید تل 130 روپے، گوند کتیرا 280 روپے اور تخ ملنگا 150 روپے میں دستیاب ہے۔
اوپن مارکیٹ میں 100 گرام کلونجی 150 روپے اور چاٹ مصالحہ 80 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ 50 گرام بادیان خطائی 120 روپے، 25 گرام جلوتری 240 روپے اور لونگ 140 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
شہری مہنگائی سے پریشان
گرم مصالحہ جات اور دیگر اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء پہلے ہی مہنگی ہو چکی ہیں، جبکہ مصالحہ جات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ گھریلو بجٹ کو مزید متاثر کر رہا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔