ویب ڈیسک: پاکستانی فلمی انڈسٹری کی ماضی کی مقبول اداکارہ خوشبو خان نے اپنی طلاق سے متعلق زیر گردش خبروں پر لب کشائی کردی۔
اداکارہ خوشبو خان نے ارباز خان پر دھوکا دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے علیحدگی کی تصدیق کردی، خوشبو خان نے انکشاف کیا کہ ارباز میرے لیے سب کچھ تھے لیکن جب بھی کسی مشکل وقت میں ان کی ضرورت پیش آئی تو وہ میرے ساتھ نہیں تھے، جس پر مجھے بہت افسوس ہوتا ہے۔
خوشبو خان نے بتایا کہ میرا اور ارباز کا کوئی جھگڑا نہیں ہوا وہ بس بغیر بتائے کہیں چلے گئے اور واپس نہیں آئے۔ انہیں گئے ہوئے 5 برس بیت چکے ہیں لیکن آج بھی وہ میری یادوں میں میرے ساتھ ہیں۔
مجھے اس بات کا بہت دکھ ہے کہ مجھے کئی برسوں سے انہیں دیکھنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ وہ ہمیں چھوڑ کر کیوں چلے گئے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اگر میں صرف ایک بیوی ہوتی تو گھریلو خاتون ہوتی، اور یہ اللّٰہ جانتا ہے کہ جب تک میں صرف گھریلو خاتون تھی تو میں نے اپنی ذمہ داریاں اور فرائض بخوبی نبھائے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر بہت ذمہ داریاں ہیں جنہیں میں نبھا رہی ہوں لیکن گزشتہ 6 ماہ سے میں گھر پر تھی لیکن کسی نے مجھے پلٹ کر نہیں پوچھا، کسی نے میری خیریت تک دریافت نہیں کی۔
خوشبو خان نے بتایا کہ گزشتہ 5 برس سے ان کے دونوں بیٹے ان کے ساتھ ہی ہیں جبکہ ارباز سے ان کی علیحدگی ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ خوشبو خان اور ارباز خان نے 2000 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔