حکومت کا آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر کیش سبسڈی دینے کااعلان

حکومت کا آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر کیش سبسڈی دینے کااعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر کیش سبسڈی دینے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزراءکے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھرمیں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں بڑھی ہیں، کورونا سے اشیاء کی فراہمی متاثر ہوئی اوراس کے منفی اثرات مرتب ہوئے، مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہوئی ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی فی ٹن 430 ڈالر پر چلی گئی ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں زراعت کا شعبہ نظر انداز رہا اور کسان متاثر ہوا، ہمیں زرعی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے، کسان سے لے کر ریٹیلر تک قیمتوں کا تعین کررہے ہیں۔

شوکت ترین نے مزیدکہاکہ احساس پروگرام کا ڈیٹا آگیا ہے، جس کے تحت ہم رواں ماہ سے ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے، اس سے قبل گیس اور بجلی پر ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے تھے، اب آٹا، گھی، چینی، دالوں پر کیش سبسڈی دیں گے، آئندہ چند دنوں میں آٹے کی قیمت میں کمی ہوگی۔ وزیرخزانہ شوکت کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے، آئی ایم ایف میں جانے سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔