زین مدنی: پنجاب حکومت نے تھیٹرز میں غیر اخلاقی حرکات کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے 7 اداکاراؤں اور ایک اداکار پر صوبہ بھر میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی ڈرامیٹک پرفارمنس ایکٹ 1876 اور مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔ تھیٹرز میں نازیبا رقص اور غیر مہذب مکالموں کی شکایات سامنے آنے پر فنکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پابندی کا سامنا کرنے والوں میں سلک جٹ، ریشم جان اور گوشی ٹو سمیت دیگر فنکار شامل ہیں جن پر آئندہ صوبے بھر میں تھیٹر پرفارمنس کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔
پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیملی تھیٹر کے فروغ کیلئے زیرو ٹالیرنس پالیسی جاری ہے اور ثقافتی اقدار کے تحفظ کیلئے بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ اس حوالے سے محمد محبوب عالم چودھری نے کہا ہے کہ معیاری اور خاندانی تھیٹر کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
پنجاب آرٹس کونسل نے بھی ثقافتی اقدار کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھیٹر انڈسٹری میں قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔