ویب ڈیسک : آئرلینڈ کی معروف خاتون فٹبالر میگن کیمبل نے ایک تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کروا لیا ہے۔
میگن کیمبل، جو کہ لندن سٹی لایونیسز کلب کی نمائندگی کرتی ہیں، نے 30 اپریل کو 37.55 میٹر (123 فٹ 2 انچ) طویل تھرو کر کے دنیا کی طویل ترین تھرو کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
یہ تھرو نہ صرف مطلوبہ 35 میٹر کی حد سے زیادہ تھی بلکہ یہ دنیا کے سب سے بڑے جانور بلیو وہیل کی اوسط لمبائی (24 میٹر) سے بھی تقریباً 10 میٹر زیادہ تھی۔ اس کے علاوہ یہ تھرو بولنگ ایلی (19.16 میٹر) سے بھی تقریباً دو گنا طویل رہی۔
31 سالہ میگن کیمبل نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے یہ ریکارڈ قائم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی کامیابی دوسروں کو بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی تحریک دے۔
میگن نے مسکراتے ہوئے کہا مجھے لگتا ہے میرا ریکارڈ شاید ایک ہفتے میں ٹوٹ جائے گا جب کسی کو اس کی خبر مل جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی اس صلاحیت کا احساس 12 سے 13 سال کی عمر میں ہوا جب وہ آئرلینڈ میں لڑکوں کی ٹیم کے ساتھ کھیلتی تھیں اور ان کی تھرو لڑکوں سے بھی زیادہ طویل ہوتی تھی۔
یاد رہے کہ میگن کیمبل ماضی میں مانچسٹر سٹی، لیورپول اور ایورٹن جیسے بڑے فٹبال کلبز کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ وہ ریپبلک آف آئرلینڈ کی قومی ٹیم کی طرف سے 50 سے زائد بین الاقوامی میچز بھی کھیل چکی ہیں۔