ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نئی ابھرتی ہوئی اداکارہ نورے ذیشان نے اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی شاندار اداکاری کی اور خوب پذایرئی سمیٹی، ان دنوں وہ ”پرورش“ میں آنیا کا کردار نبھا رہی ہیں، اداکارہ نے خود کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کے بارے بتایا جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی ان سے ہمدردی کررہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق اداکارہ نورے ذیشان حال ہی میں ایک پروگرام میں مہمان بنیں، جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے جڑی ایک دردناک حقیقت کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بھی بچپن میں اسکول میں بُلیئنگ کا شکار رہ چکی ہیں۔
اداکارہ نے کہا میں جب اسکول بس میں جاتی تھی تو کچھ بچے جان بوجھ کر میرے جوتوں پر پاؤں رکھتے تاکہ میں ’خراب یونیفارم‘ کے بہانے سزا کی مستحق ٹھہرائی جاؤں، میرا دوپٹہ سیاہی سے خراب کر دیا جاتا تھا، اور ایک دن تو ایک لڑکے نے مجھے زور سے دھکا دے کر زمین پر گرا دیا، یہ سب آٹھویں سے دسویں جماعت کے طلبہ کرتے تھے۔
نورے نے مزید بتایا کہ وہ اتنی خوفزدہ تھیں کہ کسی سے اپنی تکلیف کا ذکر بھی نہ کر سکیں۔ انہیں ڈر تھا کہ گھر والے ناراض ہوں گے یا شاید ان کی بات پر یقین نہ کریں۔ اسی لیے وہ برسوں اس ذہنی اذیت کو خاموشی سے جھیلتی رہیں۔
مداحوں نے نورے کی جرات کو سراہا اور ان کی اداکاری کو حقیقت کے قریب قرار دیا۔ بہت سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامے ہمیں حساس معاملات پر کھل کر بات کرنے کا موقع دیتے ہیں۔