ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پکڑ دھکڑ شروع، عثمان ڈار سمیت متعدد کارکن گرفتار

سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پکڑ دھکڑ شروع، عثمان ڈار سمیت متعدد کارکن گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) سیالکوٹ پولیس نے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود سی ٹی آئی گراؤنڈ میں انتظامات کرنے پر تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ 

ضلعی انتظامیہ نے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کی تھی لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کی جانب سے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری تھیں، جلسہ گاہ سے سامان ہٹائے جانے پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس پر پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی، پولیس نے جلسہ گاہ سے رہنما تحریک انصاف علی اسجد ملہی اور سابق ڈی جی اینٹی کرپشن اسلم گھمن کو بھی حراست میں لے لیا۔

تحریک انصاف کے کارکنوں کے منتشر ہونے کے بعد کرین کی مدد سے جلسہ گاہ سے سامان کو ہٹایا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مالکان کی رضا مندی کے بغیر کسی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسے کی کال پر مسیحی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، اجازت کے بغیر جلسہ کرنے سے امن و امان کا خطرہ ہے، سی ٹی آئی گراؤنڈ کے علاوہ کسی اور جگہ جلسہ کرنے کہ درخواست دی جائے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ پرامن جلسہ ہمارا حق ہے، عمران خان آج ضرور سیالکوٹ آئیں گے۔

ڈی پی او سیالکوٹ کا مؤقف ہے کہ یہ مسیحی برادری کی جگہ ہے، مسیحی برادری نےکہا کہ ہماری جگہ پر سیاسی جماعت جلسہ کر رہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے زبردستی جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔