عثمان علیم: صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، ڈی سی دانش افضال ، ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر اور اے سی ماڈل ٹاؤن کا لبرٹی مارکیٹ کا دورہ، کورونا حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ، شہریوں سے بچوں کو گھروں میں رکھنے کی اپیل ۔
شہر میں مارکیٹس کھلنے ہی شہریوں کی بے احتیاطی اور کرونا حفاظتی ایس او پیز مکمل نظر انداز ، صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، ڈی سی دانش افضال، ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر اور اے سی ماڈل ٹاؤن نے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے لبرٹی سمیت مختلف مارکیٹوں کے دورے کیے ۔
لبرٹی مارکیٹ میں تاجروں سے ملاقات کی۔ میاں اسلم اقبال نے شہریوں سے اپیل کی کہ بچوں کو گھروں میں رکھا جائے، ہر دکاندار فیس ماسک گلوز اور سینٹائزر کا استعمال یقینی بنائے۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ مختلف مارکیٹوں میں کریک ڈائون کے دوران پیس لنک روڈ ، دھرمپورہ، رائیونڈ ، شاہ عالم ، ڈیفنس سمیت دیگر مارکیٹوں میں کورونا حفاظتی ایس او پیز نظر انداز کرنے پر 250 سے زائد دکانیں سیل کی گئی ہیں ۔
شہریوں کی جانب سے برتی جانیوالی بے احتیاطی سے کورونا کیسز میں اضافے ہوتا جا رہا ہے ، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹس میں دکانوں کو بھی سیل کرنے کا عمل جاری ہے۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میاں اسلم اقبال نے کہا کہ تمام تاجر برادری نے بیٹھ کر ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کا وعدہ کیا تھا جن پر عمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ انارکلی بازار میں دکانداروں کے علاوہ گاہک بھی ماسک کے بغیر آ رہے ہیں۔تاجروں کے ساتھ طے ہوا تھا کہ مارکیٹوں میں بچوں کا داخلہ بند رکھیں گے لیکن بچوں کی بڑی تعداد دیکھنے میں ملی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو مارکیٹوں کیلئے پہلے دن اور پھر وقت کم کردیا جائے گا۔