ثمرہ فاطمہ: لاہور میں شدید گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں، جس کے بعد بڑی تعداد نے گرمی سے وقتی نجات کیلئے نہر کا رخ کر لیا ہے۔
شہر میں درجہ حرارت اور حبس میں اضافے کے باعث شہری نہر کے مختلف مقامات پر پہنچ گئے جہاں نوجوان اور بچے پانی میں نہاتے اور غوطے لگاتے دکھائی دیے۔
چھٹی کے روز نہر کے کناروں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا جبکہ متعدد فیملیز بھی تفریح اور موسم کی شدت کم کرنے کیلئے نہر کے اطراف موجود رہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور طویل لوڈشیڈنگ کے باعث گھروں میں رہنا مشکل ہو گیا ہے، جس کے باعث لوگ کھلی جگہوں اور نہر کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
نہر کے مختلف حصوں میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی جبکہ گرمی سے بچنے کیلئے پانی میں وقت گزارنے کا رجحان نمایاں رہا۔