فریحہ بتول: شہر کی اوپن مارکیٹ میں گراں فروشی کا رجحان بدستور برقرار ہے جبکہ ضلعی حکام سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق سرکاری طور پر دودھ کی قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہونے کے باوجود شہر بھر میں کہیں بھی اس نرخ پر دودھ دستیاب نہیں۔ مختلف علاقوں میں دودھ 220 سے 250 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔
اسی طرح دہی بھی سرکاری نرخوں کے برعکس 260 سے 270 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں کے دعوے کیے جا رہے ہیں، تاہم مارکیٹوں میں سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی بدستور جاری ہے۔