سٹی 42 : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور قطر چیریٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت قطر چیریٹی الخدمت کے 13 موبائل ہیلتھ یونٹس کے لیے مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور قطر چیریٹی کے درمیان ہونے والے اہم معاہدے کا مقصد ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بسنے والے مستحق افراد کو مفت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اِسی حوالے سے قطر چیریٹی کے وفد نے الخدمت فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا، جہاں قطر چیرٹی کے کنٹری ڈائریکٹر امین عبد الرحمنٰ اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے اداروں کے مابین مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

تقریب میں چیئرمین ہیلتھ کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف، نیشنل ڈائریکٹر موبائل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اعجاز نذیر جبکہ قطر چیریٹی کی جانب سے ڈائریکٹر پروگرامز وقاص حلیم نے شرکت کی۔
سید وقاص جعفری نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا مشن ہمیشہ سے محروم طبقے تک صحت، تعلیم اور ریلیف جیسی بنیادی سہولیات پہنچا رہا ہے۔ "قطر چیریٹی کے ساتھ یہ معاہدہ ہمارے صحت کے شعبے کو مزید مضبوط کرے گا اور ہم زیادہ سے زیادہ افراد تک مفت طبی سہولتیں پہنچا سکیں گے۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے کہا کہ الخدمت کے موبائل ہیلتھ یونٹس، خصوصاً 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد، روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریضوں کو علاج، ادویات، لیبارٹری ٹیسٹس اور دیگر بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
قطر چیریٹی کے کنٹری ڈائریکٹر امین عبدالرحمن نے الخدمت کی خدمات کو سراہا اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں اداروں کے اس عزم کی علامت ہے کہ صحت جیسی بنیادی سہولت کو ہر فرد تک پہنچانا انسانیت کی اہم خدمت ہے۔