زین مدنی: شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا اور طویل عرصے سے خبروں میں رہنے والی سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ کا پریمیئر منعقد کردیا گیا، جس کے بعد فلم کو عید کے موقع پر ملک بھر کی سینماؤں میں ریلیز کردیا جائے گا۔
عمرو عیار کے پریمیئر کو لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا پریمئر شو قرار دیا گیا، جس میں فلم کی پوری کاسٹ سمیت دیگر اداکاروں، ہدایت کاروں اور شوبز شخصیات نے شرکت کی، ’عمرو عیار‘ کو عید الاضحی کے موققع پر سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا، پریمیر شو میں فواد خان، صبا قمر،فیصل قریشی، ماورا حسین کے علاوہ نامور شوبز ستاروں نے شرکت کی۔
پریمیئر کے موقع پر فلم کی ٹیم نے بتایا کہ عمر و عیار کی تیاری میں 4 سال کا عرصہ لگا جب کہ فلم کو عید الاضٰحی پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی 500 سکرینز پر دکھایا جائے گا، ’عمرو عیار‘ کی ہدایات اظفر جعفری نے دی ہیں، اس کی کہانی عاطف ریحان صدیقی نے لکھی ہے اور اسے ہما بابر نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کی کاسٹ میں عثمان مختار، صنم سعید، فاران طاہر کے علاوہ علی قاضی، عدنان صدیقی، سیمی راحیل، ثنا فخر، منظر صہبائی، دانیال راحیل اور سلمان شوکت سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’داستان امیر حمزہ‘ میں متعدد فکشنل جادوئی کرداروں کی کہانیاں شامل ہیں، جن میں ’عمرو عیار‘ کا قصہ بھی شامل ہے، عمرو عیار کے کردار کو متعدد ڈراموں اور فلموں میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم پہلا موقع ہے کہ اسی کردار پر پاکستانی فلم بنائی گئی ہے۔