ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت، مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیش نہ کرنےپرعدالت کاشدید برہمی کا اظہار ،ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیاگیا۔
جسٹس محمد طارق ندیم نےملزم عمر فاروق کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل حافظ اصغر علی کے ہمراہ پیش ہوا۔سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمے کا مکمل ریکارڈ کیوں پیش نہیں کیا گیا۔ اس پر تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ مکمل ریکارڈ اس وقت دستیاب نہیں، چالان کیساتھ صرف کچھ ریکارڈ شامل کیا گیا ہے۔تفتیشی افسر کے جواب پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ درخواستِ ضمانت جیسے اہم معاملے میں مکمل ریکارڈ کا عدالت کے سامنے ہونا ضروری ہے تاکہ مقدمے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔عدالت نے ناقص تیاری اورنامکمل ریکارڈ پیش کیے جانے پر ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقدمے کا مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔