ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ کا نہر کنارے درختوں کی کٹائی پر پابندی کا حکم برقرار،عدالت کا نیسپاک کو نہر کنارے ییلو لائن منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا ،عدالت نے دھواں دینے والے بھٹوں کو فوری سیل کرنے اور دوبارہ خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کو بغیر نوٹس مسمار کرنے کا حکم دے دیا ۔
جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے متعلق گزشتہ سماعت بارے دو صفحات کا تحریری حکم جاری کیا ، عدالت نے تحریری فیصلہ میں کہا ہے کہ درختوں کی کٹائی کسی منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ کا حصہ نہیں ہونی چاہیے،عدالت نے دھواں چھوڑنے والے بھٹوں پر کارروائی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات کے افسر عبدالقیوم کا تبادلہ شیخوپورہ سے راجن پور کرنے کا حکم دیا ،عدالت نے موٹروے پولیس کو بھٹوں کی نگرانی کا بھی حکم دیا، فیصلہ میں کہا گیاکہ موٹروے پر ہرن مینار کے قریب بھٹے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں ، دھواں دینے والے بھٹے فوراً سیل کیے جائیں ، دوبارہ خلاف ورزی پر بھٹے بغیر نوٹس کے مسمار کر دیئے جائیں، فیصلہ میں مزید کہا گیا کہ ایم اے او کالج میں شجرکاری بارے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ، کیس کی مزید سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔