(شاہ رخ ندیم) پاکستان اور بھارت کے مابین کرتار پور راہداری کے حوالے سے مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگیا، ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹرفیصل کے مطابق کرتار پور راہداری کے حوالے سے80 فیصد معاملات طے ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق واہگہ بارڈرپر کرتار پور راہدری کے حوالے سے بھارت کے جوائنٹ سیکرٹری داخلہ ایس سی ایل داس کی قیادت میں 7 رکنی وفد نے پاکستان میں ڈی جی ساؤتھ ایشیا و ترجمان ڈاکٹر فیصل ودیگر سے مذاکرات کیے، مذاکرات میں کرتارپورراہداری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ کرتار پور راہداری کے حوالے سے 80 فیصد معاملات طے ہوگئے، 20 فیصد پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، اس حوالے سے دوبارہ ملاقات ہو گی۔
ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ میٹنگ سے مثبت نتائج نکلے ہیں، دونوں ممالک نے کرتار پور راہداری کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے،انہوں نے کہاکہ کرتار پور میں سکھوں کیلئے جتنی گنجائش ہے، اتنے لوگوں کو آنےدیں گے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک میں تناؤ کم ہو اور اس کیلئے کوشش بھی کر رہے ہیں۔